جے سی سی آئی وفد کا یونائیٹڈ بزنس گروپ کے اسلام آباد آفس کا دورہ، ملکی معاشی حالات، تاجر برادری کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال

منگل 27 مئی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جے سی سی آئی) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صدر زاہد حسین کی قیادت میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے اسلام آباد آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور یو بی جی کی سینٹرل کور کمیٹی کے رکن احسن ظفر بختاوری سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملکی معاشی حالات، تاجر برادری کو درپیش چیلنجز اور چیمبرز کے موثر کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے یو بی جی کی کاروبار دوست پالیسیوں، اصولی موقف اور تاجر برادری کے لیے جاری مسلسل جدوجہد کو سراہا اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ وفد نے کہا کہ ہم ماضی میں بھی یو بی جی کے ساتھ کھڑے تھے اور آئندہ بھی اس کاروباری جدوجہد میں یو بی جی کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

یو بی جی ہی وہ پلیٹ فارم ہے جو تاجروں کے حقیقی مسائل کو اعلیٰ سطح پر موثر طریقے سے اجاگر کرتا ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتا ہے۔اس موقع پر وفد نے یو بی جی کی قیادت کو 29 جون کو جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عمارت مکمل طور پر چیمبر کے اپنے مالی وسائل سے تعمیر کی گئی ہے، جو جہلم کے کاروباری حلقوں کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

اس عمارت کا قیام چیمبر کی خود مختاری، عزم اور مقامی تاجر برادری کی یکجہتی کا عملی ثبوت ہے۔ظفر بختاوری اور احسن ظفر بختاوری نے وفد کی آمد اور دعوت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جہلم چیمبر کی ترقی تاجر برادری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور یو بی جی ہمیشہ اس طرح کے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی ایک نظریاتی اور عملی تحریک ہے جو تاجر برادری کے حقوق، ان کی فلاح و بہبود اور قومی معیشت کی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ یو بی جی کا مشن صرف انتخابات تک محدود نہیں، بلکہ یہ ملک بھر کے تاجروں کی ترجمانی اور ان کے مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے کی مسلسل کوششوں کا نام ہے۔ جہلم کے تاجروں نے جس اتحاد اور وژن کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے اور ہم 29 جون کو ان کے تاریخی لمحے میں ضرور شریک ہوں گے۔یو بی جی ہمیشہ تاجروں کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔