Live Updates

حکومت ، آئی ایم ایف کے درمیان جن تجاویز پراتفاق نہیں ہو رہا انہیں سامنے لایا جائے‘ پیاف

بدھ 28 مئی 2025 15:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)پیٹرن انچیف پیاف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان جن تجاویز پر اتفاق نہیں ہو رہا انہیں سامنے لایا جانا چاہیے ،آئندہ بجٹ میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کوسنجیدگی سے نافذ کیا جائے نہ کہ پچھلے پروگراموں کی طرح بے بس صارفین پر بوجھ ڈالنے کی روش جاری رکھی جائے گی، بہت سے شعبوں کا ٹیکس نیٹ سے باہر ہونا متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوںنے حکومت کو سروے کرانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معلوم کیا جائے کہ لوگ قابل ٹیکس آمدن رکھنے کے باوجود کیوں ٹیکس نیٹ میںشامل نہیں ہوتے ۔

(جاری ہے)

حکومت پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کم شرح اور کم تعداد کے ساتھ ٹیکس وصولی کا منصوبہ شروع کر کے اس کے نتائج کو اخذ کر کے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنلزٹیکس نیٹ سے باہر ہیں ، اسی طرح زراعت سمیت بہت سے شعبے اپنے حصے کا پورا ٹیکس ادا نہیں کرتے جو ٹیکس ادا کرنے والوں کے ساتھ نا انصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو ہم اپنے اخراجات پورے کرنے کے قابل نہیں ہوئے غیر ملکی قرضے اتارنا تو دور کی بات ہے ۔ حکومت بند صنعتوں کو چلانے کے لئے مراعات دے ، برآمدی صنعتوں کو جتنا ممکن ہو سکے ٹیکسز میں چھوٹ اور مراعات دی جائیں تاکہ ہم عالمی منڈیوں میں مسابقت کی دوڑ میں شامل رہ سکیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :