ہیری پوٹر نئی کاسٹ کیساتھ ٹی وی سیریز کے طور پر جلوہ گر ہوگی

بدھ 28 مئی 2025 19:22

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)بچپن کی یادوں سے جڑی، ہالی ووڈ کی لازوال فلم سیریز ہیری پوٹر ایک نئے روپ میں دوبارہ اسکرین پر آنے کو تیار ہے۔ لیکن اس بار بات فلموں کی نہیں بلکہ ایک مکمل ٹی وی سیریز کی ہورہی ہے، جس میں سب کچھ نیا ہوگا،کہانی وہی پرانی، مگر چہرے نئے ہوں گے ۔ایچ بی او نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ہیری پوٹر کی دنیا اب ایک نئی نسل کے اداکاروں کے ساتھ چھوٹی اسکرین پر قدم رکھے گی۔

ٹی وی سیریز میں جادو، مہم جوئی اور دوستی کا وہی پرانا رنگ ہوگا، جو ہیری، ہرمائینی اور رون کے گرد گھومتا ہے، مگر اس بار ان کرداروں میں نظر آئیں گے نوجوان فنکار: ڈومینک میکلافلن بطور ہیری پوٹر، اربیلا اسٹینٹن بطور ہرمائینی گرینجر، اور السٹر اسٹیوٹ بطور رون ویزلی۔

(جاری ہے)

ایچ بی او نے اپنے انسٹاگرام پیج پر تینوں نوآموز اداکاروں کو خاص انداز میں خوش آمدید کہا، اور انہیں جادوئی دنیا کے دروازے کھولنے کی نوید دی۔

پوسٹ میں لکھا گیا: مسٹر پوٹر، مس گرینجر، اور مسٹر ویزلی ہمیں خوشی ہے کہ آپ کو ہوگورٹس اسکول آف وِچ کرافٹ اینڈ وِزڈرڈری میں داخلہ مل گیا ہے۔ سیریز کی شو رنر فرانسسکا گارڈنر اور ہدایتکار مارک میلڈ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ہم نے اپنے ہیری، ہرمائینی اور رون کو ڈھونڈ نکالا ہے، ان تینوں میں جو جوہر اور صلاحیت ہے، وہ اسکرین پر دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ ہم ان ہزاروں بچوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے آڈیشن دیئے۔

متعلقہ عنوان :