ڈیرہ غازی خان، فراہمی و نکاسی آب اور میونسپل سروسز کی بہتری اولین ترجیح ہے، بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین

جمعرات 29 مئی 2025 17:37

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز ملٹری نے ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں مختلف ترقیاتی اداروں کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔

بریگیڈیئر بابر کو جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری مسائل اور مجوزہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ اسٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی، میجر (ر)نوید اسلم، کوآرڈینیٹر عمر فاروق بھٹی، ڈی جی ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی خالد منظور، ڈی جی کوہ سلیمان اتھارٹی بابر بشیر، اور ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی قدسیہ ناز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان، تونسہ، کوٹ چٹھہ سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے 190 شہروں میں نیا سیوریج نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے لیے 700 ارب روپے کی تجویز دی گئی ہے جس کا مقصد آئندہ 30 سے 40 سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید شہری انفراسٹرکچر کی فراہمی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہروں کی خوبصورتی، فراہمی و نکاسی آب اور میونسپل سروسز کی بہتری کو نئے ترقیاتی پروگرامز میں اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے دفاتر کی استعداد کار میں اضافہ اور انہیں مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔بریگیڈیئر بابر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اداروں کو ضروری وسائل فراہم کر کے انہیں فعال بنایا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔