لاہور ،بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کےخلاف سخت کریک ڈاون

جمعہ 30 مئی 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق رواں ماہ صوبہ بھر میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 1 لاکھ 78 ہزار سے زائد شہریوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایاکہ لاہور ٹریفک پولیس نے 70 ہزار سے زائد شہریوں کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر بھاری جرمانے کیے۔

ٹریفک پولیس گوجرانوالہ نے 16 ہزار، فیصل آباد نے 17ہزار، ملتان نے 8 ہزار سے زائد شہریوں کو بغیر لائسنس پر چالان کیے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے کہا کہ صوبہ بھر میں لائسنس کی چیکنگ کو یقینی بنانے کے موثر اقدامات کیے جائیں۔ بغیر لائسنس گاڑی موٹرسائیکل چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

(جاری ہے)

بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف 2000 کے جرمانے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہاکہ جرمانے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔ شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ڈیجیٹل پورٹل خدمت مراکز اور لائسنس سینٹر کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے کہاکہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پر کارروائی کریں۔