Live Updates

وزیرداخلہ محسن نقوی کا ایکسپریس وے پر قائم بکر منڈی کا دورہ،سہولیات کا جائزہ لیا

پارکنگ کیلئے ایریا مختص کرنے ،فی جانور لی جانیوالی فیس میں مناسب کمی کی ہدایت

جمعہ 30 مئی 2025 22:49

وزیرداخلہ محسن نقوی کا ایکسپریس وے پر قائم بکر منڈی کا دورہ،سہولیات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عید الاضحی کی آمد کی مناسبت سے سے ایکسپریس وے پر قائم بکر منڈی کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ، وزیر داخلہ نے پارکنگ کے لئے ایریا مختص کرنے اور فی جانور لی جانے والی فیس میں مناسب کمی کی ہدایت کر دی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بکر منڈی میں بیوپاریوں اور شہریوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور فی جانور فیس میں مناسب کمی کی ہدایت کر دی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بکر منڈی میں صفائی اور دیگر انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیر داخلہ نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے بیوپاریوں سے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے بیوپاریوں سے انتظامات کے متعلق بھی دریافت کیا۔ بیوپاریوں کے استفسار پر وزیر داخلہ نے مویشی منڈی کیلئے جگہ وسیع کرنے کا فوری حکم دیا۔ وزیر داخلہ نے مویشی منڈی میں لائٹنگ اور پانی کی وافر فراہمی کی ہدایت کر دی۔

بیوپاری نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ ابھی تک گاہک کم آ رہے ہیں اور موسم کی شدت کی وجہ سے زیادہ تر لوگ شام اور رات کو منڈی کا رخ کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے منڈی میں ایک سفید بیل میں خصوصی دلچسپی لی اور بیل کی خوبصورتی کی تعریف کی۔ بیوپاری نے بتایا کہ اس بیل کی ڈیمانڈ 18 لاکھ اور وزن 14 من سے اوپر ہے۔ وزیر داخلہ نے منڈی میں آئے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور شہریوں کی درخواست پر وزیر داخلہ نے منڈی سے ملحقہ کراسنگ پل کی فوری مرمت کا حکم دے دیا۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات