اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کا آئی سی سی آئی کا دورہ ،ڈینگی تدارک کے سلسلے میں کاروباری مراکز پر چھاپے 20 جون تک روک دیئے

جمعہ 30 مئی 2025 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور چیمبر کی قیادت اور دارالحکومت کے کاروباری و صنعتی شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ سیر حاصل بات چیت کی۔ اس دورے میں ایک تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس کا مقصد کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنا تھا۔

چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کمیونٹی کے خدشات کو دور کرنے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں آئی سی سی آئی کے فعال اور باہمی تعاون پر مبنی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے کاروبار سے متعلق اہم معاملات کے بروقت حل میں آئی سی ٹی انتظامیہ کی مسلسل مدد کی ہے جس نے مقامی تجارتی منظر نامے کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈینگی سے بچائو کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی سی نے اعلان کیا کہ 20 جون تک کاروباری مراکز پر کوئی انتظامی چھاپہ نہیں مارا جائے گا، تاجروں اور دکانداروں کو انسداد ڈینگی کے ضروری اقدامات پر عمل درآمد کرنے کا وقت دیا جائے گا۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کے ساتھ اشتراک میں آگاہی مہم چلانے میں شہری انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے دیگر مسائل جیسے کہ تجاوزات کے خاتمے، آوارہ کتوں کی بھرمار، بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کوڑا کرکٹ کے مسائل کے حل کا عزم کیا تاکہ کاروبار کے لیے ایک صاف اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔قبل ازیں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے ڈپٹی کمشنر کا خیرمقدم کیا اور ملکی ترقی میں کاروباری برادری کے دیرینہ اور بھرپور تعاون کا ذکر کیا ۔

انہوں نے ریگولیٹری اتھارٹیز اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان باہمی احترام اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔آئی سی سی آئی فائونڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے سرمایہ کاری اور ترقی کی حوصلہ افزائی کے لیے متوازن اور باہمی تعاون پر مبنی حکمرانی کی ضرورت پر زور دیا۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی عبدالرئوف عالم نے بھی اسلام آباد کے کاروباری ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور صدر آئی سی سی آئی کی تاجر برادری کے لیے ان کی انتھک لگن کو سراہا۔

اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے تجارتی مراکز اور صنعتی اداروں کے نمائندوں نے مارکیٹس سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا اور ان کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔سیشن کا انعقاد آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی نے موثر انداز میں کیا جبکہ نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے دارالحکومت میں کاروبار کرنے میں آسانی کو آگے بڑھانے کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تقریب کا اختتام کیا۔

اس موقع پر سابق صدور محمد اعجاز عباسی، میاں شوکت مسعود، اسلام آباد انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عبدالرزاق، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران سردار طاہر محمود، میاں ثناء اللہ، نوید ستی، عرفان چوہدری، عمر خیام عباسی، طاہر ایوب، عمران منہاس، مس فاطمہ عظیم، آئی سی آئی سی آئی کے ممبران شہزاد عباسی، ، کاشف فرید، نعیم اعوان، شاہد عباسی، راجہ حسن اختر اور دیگر بھی موجود تھے۔