راولپنڈی،فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں معذور افراد کے لیے معاون آلات اور ویل چیئرز کی تقسیم کی تقریب

ہفتہ 31 مئی 2025 18:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2025ء) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں معذور افراد کے لیے معاون آلات اور ویل چیئرز کی تقسیم کی تقریب محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی میں معذور افراد کے لیے معاون آلات اور وہیل چیئرز کی تقسیم و افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب تھیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ممبر صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، ملک افتخار و دیگر متعلقہ افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس پروگرام کے تحت راولپنڈی میں 1022 کیسز سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو معاون آلات کے لیے جانچ کے لیے دیے گئے تھے، جن میں سے 439 افراد کو اہل قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

موجودہ مرحلے میں 51 معذور افراد کو وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات فراہم کیے گئے، جن میں وہیل چیئر، واکنگ سٹکس اور سماعتی و دیگر آلات شامل ہیں۔ عوام الناس اس پروگرام میں درخواست دینے کے لیے ویب سائٹ www.adwc.punjab.gov.pk پر وزٹ کریں اور مزید معلومات کے لیے 042-99204148-49 پر رابطہ کریں۔تقریب کے موقع پر ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہمیشہ میرٹ پر کام کیا ہے، اور ہم سب ان کی قیادت میں قدم سے قدم ملا کر کام کر رہے ہیں۔

حکومتِ پنجاب کی جانب سے خصوصی افراد میں یہ صرف آلات کی تقسیم نہیں، بلکہ یہ ہمارے جذبات اور معاشرے میں برابری کے احساس کی پہچان ہے۔ امید ہے کہ یہ پروگرام اسی طرح تسلسل اور شفافیت کے ساتھ جاری رہے گا جیسے دیگر فلاحی اسکیمز جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد جسمانی معذوری کا شکار افراد کی نقل و حرکت میں بہتری لانا اور ان کے لیے زندگی کو آسان بنانا ہے۔ تقریب میں شریک معذور افراد اور ان کے اہل خانہ نے اس اقدام کو سراہا اور حکومتِ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔\378