شوبز میں صلاحیت کی بجائے شکل و صورت کو ترجیح دی جا رہی ہے، سیمی راحیل

اداکاری کا خوبصورتی سے تعلق نہیں ، لوگوں کا آپ کو کردار کی وجہ سے یاد رکھنا اصل کامیابی ہے،اداکارہ

پیر 2 جون 2025 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے کہا کہ شوبز میں صلاحیت کے بجائے شکل و صورت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ سیمی راحیل نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیمی راحیل نے کہا کہ اداکاری کا خوبصورتی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اگر لوگ آپ کو آپ کے کردار کی وجہ سے یاد رکھیں، تو یہی اصل خوبصورتی ہے، یہی آپ کی اصل کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے دور کی اداکارائیں عظمیٰ گیلانی، ثمینہ احمد، روحی بانو اور خالدہ ریاض جیسی تھیں جو بالوں کی اسٹائلنگ یا مصنوعی حسن کے پیچھے نہیں بھاگتی تھیں، مگر ان کی اداکاری آج بھی یادگار ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہر چہرہ ایک جیسا لگتا ہے، ایک جیسا رنگ، ایک جیسی جلد یہ سب مصنوعی ہے، ہم نے تو ہر عمر کو اپنایا اور اس کے ساتھ کام کیا۔سیمی راحیل نے یہ بھی کہا کہ آج کل کی شوبز انڈسٹری میں صلاحیت، فن، اور اندرونی خوبصورتی کی جگہ ظاہری بناوٹ اور جسمانی معیار کو اہمیت دی جا رہی ہے، جو فن کے حقیقی معیار کیلئے تشویشناک ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر آپ کا کام بولتا ہے، تو ظاہری شکل و صورت کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

متعلقہ عنوان :