صوبائی حکومت نے بیواؤں اور یتیم بچوں کے لئے منصوبہ متعارف کرایا ہے ،بیرسٹر سیف

پیر 2 جون 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کامیابی کے لیے کردار کی پختگی اور اپنی پہچان ضروری ہے۔ اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنا اور اپنے وقت کا صحیح استعمال کرنا بھی انسان کو زندگی میں آگے لے جاتا ہے۔ صوبائی حکومت نے بیواؤں اور یتیم بچوں کے لیے سہارا اور روشن مستقبل منصوبہ متعارف کرایا ہے اور پیچیدہ بیماریوں کا مہنگا علاج صحت کارڈ میں شامل کرایا ہے۔

صوبائی حکومت تشہیر کی بجائے عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار پختونخوا ریڈیو ایبٹ آباد کی خصوصی ٹرانسمشن کے پروگرام '' صحت زندگی'' میں براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پختونخوا ریڈیو اور ریجنل انفارمیشن آفس آمد کے موقع پر ریجنل انفارمیشن آفیسر اکرام اللہ سعید نے انہیں خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

مشیر اطلاعات نے اس موقع پر صحت کے مسائل سے متعلق پروگرام ''صحت زندگی'' کا افتتاح بھی کیا۔ لائیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور پھر ان صلاحیتوں کو اپنے پختہ کردار کی بدولت مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل اپنا وقت اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے، علم حاصل کرنے معاشرے کے درد زدہ لوگوں کے کام آنے کے لیے صرف کریں تو کامیابی ان کا مقدر ٹھہرے گی۔

یتیم بچوں کے روشن مستقبل اور بیواؤں کے لیے سہارا کارڈ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اسی طرح صحت کارڈ میں پیچیدہ بیماریوں کے مہنگے علاج بھی شامل کیے گئے ہیں۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ جو کہ تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کا مہنگا ترین علاج ہے کو بھی صحت کارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح کڈنی ٹرانسپلانٹ، لیور ٹرانسپلانٹ اور پیدائشی سماعت سے محروم بچوں کے لیے صحت کارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنی تشہیر یا نمائش کے بجائے عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کرنے اور عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے۔ دریں اثنا مشیر اطلاعات نے پختونخوا ریڈیو ایبٹ آباد کو عوامی امنگوں پر مبنی مزید پروگرامز نشریات کا حصہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔