ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاںشہر بھر سے 13 غیرقانونی مویشی منڈیاں ختم کر دی

منگل 3 جون 2025 17:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر قیادت عیدالاضحی کے موقع پر شہر میں قائم مویشی منڈیوں میں بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ انتظامیہ کی موثر حکمت عملی کے تحت اب تک شہر بھر سے 13 غیرقانونی مویشی منڈیاں ختم کر دی گئی ہیں، جبکہ 25 مقدمات درج اور 4 احاطے سیل کیے جا چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر میں غیرقانونی مویشی بیچنے کے پوائنٹس کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کی جا رہی ہے۔ غیرقانونی مویشی سیل پوائنٹ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،شہر میں مویشی منڈیوں کی نگرانی کیلئے 10 ٹرک اور 10 موٹر سائیکلوں پر مشتمل ٹیمیں تعینات ہیں جو فیلڈ میں سخت چیکنگ کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی رات گئے تک فیلڈ میں موجود رہتے ہیں تاکہ نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں چوبیس گھنٹے فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔ منڈیوں میں ریسکیو 1122، ویٹرنری اور میڈیکل کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے کیمپس بھی مسلسل آپریشنل ہیں تاکہ شہریوں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔منڈیوں میں ٹریفک کے بہا ؤکو ہموار رکھنے، مناسب پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے، اور پانی سمیت تمام ضروری بنیادی سہولیات کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے افسر کاشف جلیل کے مطابق شنگھائی روڈ کماہاں، مسری شاہ، شادباغ اور کوٹلی گھاسی سمیت مختلف علاقوں سے غیرقانونی مویشی بیچنے والے پوائنٹس کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا کا کہنا ہے کہ تمام مویشی منڈیوں میں شہریوں اور بیوپاریوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اوورچارجنگ سمیت کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :