بلدیہ مظفرآباد کی غفلت ، بنک روڈ پر 1 قلی 13 میٹ ، ہفتے میں صرف ایک بار صفائی کی جانے لگی

بدھ 4 جون 2025 14:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء) بلدیہ مظفرآباد کی غفلت ، بنک روڈ پر 1 قلی 13 میٹ ، ہفتے میں صرف ایک بار صفائی کی جانے لگی ، باقی 6 دن گندگی کے ڈھیر ، تاجر ٹیکس ادائیگی کے باوجود بدبو دار پرفیوم سے محظوظ ، تفصیلات کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد کی مصروف ترین مین شاہراہ و مارکیٹ بنک روڈ تانگہ اسٹینڈ میں بلدیہ کی ناقص کارکردگی ، صفائی کے لئے تعینات عملہ ہفتہ میں ایک دن صفائی کرنے لگا جبکہ باقی 6 دن غائب ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے تاجرسارا ہفتہ گندگی سے بھرپور پرفیوم سونگنے پر مجبور ہیں ، بینک روڈ، تانگہ اسٹینڈ کی انجمن تاجران کا کہنا ہیکہ بلدیہ کے سپروائز روں کی من مانیا ں عروج پر ہیں ، تاجر اپنی طرف سے بھی بھرپور تعاون کرتے ہیں لیکن بلدیہ عظمیٰ کے خاکروب مرضی کے مالک ہیں اور ہفتہ میں ایک دن صفائی کرکے پورا ہفتہ غائب رہتے ہیں سڑک پر پڑا کوڑا کرکٹ اور مختلف جگہوں پر جمع شدہ کچرا گندگی اور ملیریا ، ڈینگی کو پروان چڑھا رہا ہے جس کی وجہ سے تاجروں کی بڑی تعداد بیماری میں مبتلا رہتی ہے ، عرصہ تین ماہ سے یہی ڈرامہ بازی شروع ہے جس کی باقاعدہ تحریری شکایت بھی کی گئی ہے تاہم تین ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک صفائی عملہ کا قبلہ درست نہ ہو سکا ہے ، انجمن تاجران بنک روڈ چچا اسلم کیانی ، بلال قریشی ، خواجہ ارشد ، زبیر حیدری، بلال سواتی ، خواجہ جاوید ، ملک عمران ، عمران عباسی ، ارسل خان ودیگر نے میئر بلدیہ سے مطالبہ کیا ہیکہ بلدیہ کا جو عملہ بینک روڈ ، تانگہ اسٹینڈکی صفائی پر تعینات ہے کا قبلہ درست کرتے ہوئے تاجروں کو درپیش مسائل سے چھٹکا را دیا جائے بصورت دیگر تاجر کسی بھی وقت گیلانی چوک سے روڈ بلاک کرکے احتجاج ریکارڈ کروائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری بلدیہ عظمیٰ کے جملہ افیسران و ذمہ داران کی ہوگی ۔