حکومت آزاد کشمیر عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے مسائل حل کرنے میں مصروف ہے ،جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی

بدھ 4 جون 2025 14:46

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء) جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے سابقہ طے شدہ مطالبات اور اضافی پیش کردہ مطالبات کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کرتے ہیں ان مطالبات کو منظور کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ، ان خیالات کا اظہار سابق پریس سیکرٹری ٹیچرز آرگنائزیشن معروف سماجی راہنماء مظفر حسین منہاس نے یہاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے مسائل حل کرنے میں مصروف ہے ، ہزاروں نوجوان بے روزگار ہیں صحت کی سہولت ناپید ہے ، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی عمارتوں اور صحت کے مراکز موجود نہ ہیں ، حکومت تعلیمی پیکج دینے کی تیاری کررہی ہے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی عدم موجودگی میں بچے کہاں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرینگے اس طرح کے پیکج سیاسی رشوت تو ہو سکتے ہیں عوام کی پریشانی کسی صورت کم نہیں ہو سکتی ، آزاد کشمیر میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں جس میں تمام بیماریوں کے ٹیسٹ اور علاج ہو سکے ، انہوں نے کہا مظفرآباد ایمز ہسپتال میں موجود ڈائیلاسز سنٹر عوام کی ضرورت پوری نہیں کر رہا اور نہ ہی متعلقہ شعبہ کے ڈاکٹر موجود ہیں جس کی وجہ سے عوام بدوں علاج فوت ہو جاتے ہیں جسکا حکومت اور عوامی نمائندوں کو احساس نہیں ۔