نائیجیریا میں بدترین سیلاب، 200 سے زائد افراد ہلاک، سیکڑوں لاپتا

پانی کا لیول مسلسل بڑھ رہا ہے، ریلوے لائنیں متاثر ، کئی دیہات مکمل طور پر زیرِ آب آگئے

بدھ 4 جون 2025 14:55

ابوجا / موکوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء) نائیجیریا کی ریاست نیگر کے شہر موکوا میں گزشتہ ہفتے آنے والے تاریخ کے بدترین سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ سینکڑوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی ہمدردی کے کمشنر نے سیلاب سے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پانی میں بہہ جانے والے متعدد افراد کی تلاش جاری ہے، اور اگر لاشیں برآمد ہو گئیں تو ہلاکتوں کی تعداد 2024 کے سیلاب سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

موکوا کے رہائشی احمد سلیمان کے مطابق، صرف نیگر اسٹیٹ میں 200 سے زائد افراد کی اموات ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا: "یہاں کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ ہم خود اپنے پیاروں کو پانی میں ڈھونڈ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق پانی کا لیول مسلسل بڑھ رہا ہے، ریلوے لائنیں متاثر ہو چکی ہیں اور کئی دیہات مکمل طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں۔ سیلاب کی بڑی وجہ ناقص نکاسی آب اور کچے گھروں کی تعمیر کو قرار دیا جا رہا ہے۔

رضا کاروں اور ایمرجنسی ٹیموں نے دریائے نیگر سے درجنوں لاشیں نکال لی ہیں، جو کہ موکوا سے 10 کلومیٹر دور برآمد ہوئیں۔سرکاری حکام نے دعوی کیا کہ متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے، لیکن مقامی افراد نے شکایت کی کہ انہیں اب تک کوئی سرکاری مدد نہیں ملی۔نائیجیرین میٹرولوجیکل ایجنسی نے ملک کی 36 میں سے 15 ریاستوں میں مزید سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :