دوسری شادی اور غیر ازدواجی تعلقات کے معاملات میں لڑکیاں غلط ہوتی ہیں، یاسرحسین

جمعرات 5 جون 2025 21:33

دوسری شادی اور غیر ازدواجی تعلقات کے معاملات میں لڑکیاں غلط ہوتی ہیں، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2025ء) اداکار و ہدایت کار یاسر حسین نے کہا ہے کہ شادی شدہ مرد سے دوسری شادی کرنے اور مرد سے غیر ازدواجی تعلقات استوار کرنے میں زیادہ تر لڑکیاں ہی غلط ہوتی ہیں۔یاسر حسین نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔زیادہ تر مرد چار شادیوں کی حمایت کرتے ہیں، اس پر آپ کی کیا رائی کہ سوال پر یاسر حسین نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل اس خیال کی حمایت نہیں کرتے، کسی کی بھی چار بیویاں نہیں ہونی چاہیے۔

اداکار نے مزید کہا کہ انہیں ذاتی طور پر یہ بات پسند نہیں، وہ ایک سے زائد شادیوں کی حامی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نیایک لڑکی سے پیار کیا اور اس سے شادی کی، وہ دوسری لڑکی کیبارے میں نہیں سوچیں گے۔

(جاری ہے)

اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یاسر حسین نے کہا کہ لیکن جہاں تک ان کا تجربہ ہے تو مرد کی دوسری شادی یا اس کے کسی خاتون سے غیر ازدواجی تعلقات میں لڑکیاں ہی غلط ہوتی ہیں۔

یاسر حسین نے دلیل دی کہ لڑکیوں کو پہلے سے ہی پتا ہوتا ہے کہ جس سے وہ شادی کرنے جا رہی ہیں، وہ شادی شدہ ہے، اسی طرح وہ شادی شدہ مرد سے تعلقات بھی استوار کرتی ہیں۔جب انہیں کہا گیا کہ بہت سارے مرد اپنی پہلی شادی چھپاتے ہیں تو اس پر یاسر حسین نے کہا کہ ایسے مردوں کی تعداد بہت کم ہے، ایسے مردوں کی تعداد ایک فیصد ہوگی لیکن زیادہ تر غلطیاں لڑکیوں کی ہوتی ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ وہ ایسی بہت ساری لڑکیوں کو جانتے ہیں، جنہوں نے شادی شدہ مردوں سے دوسری شادی کی اور بعد میں شوہر سے مطالبہ کیا کہ پہلی بیوی کو طلاق دیں۔یاسر حسین نے کہا کہ لڑکیوں کو ایسے مرد پسند آتے ہیں اور اچھے لگتے ہیں جس کے پاس پیسا ہوتا ہے، جو اپنا گھر چلا رہا ہوتا ہے۔ان کے مطابق اگر کوئی مرد شادی شدہ ہوگا، گھر چلا رہا ہوگا، اس کے بچے اچھے اسکول میں پڑھتے ہوں گے، اس کے پاس گاڑی ہوگی، ایسا ہی مرد لڑکیوں کو پسند آتا ہے، کیوں کہ ایسے مرد کے پاس ہر چیز ہے۔یاسر حسین کی جانب سے مرد کی دوسری شادی اور غیر ازدواجی تعلقات استوار کرنے میں لڑکیوں کو قصور وار ٹھہرانے پر بعض افراد نے ان سے اختلاف بھی کیا اور انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا۔