عیدالاضحیٰ کے حوالے سے صوبہ بھر میں صفائی پلان کو حتمی شکل دےدی گئی، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعہ 6 جون 2025 13:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں عیدالاضحیٰ کے حوالے سے صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس کے تحت عیدگاہوں، عوامی مقامات اور قربانی کے لیے مختص کردہ مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔صوبائی مشیر نے کہا کہ عید کی نماز سے قبل تمام عیدگاہوں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جائے گا، ماحول دوست بائیوڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز شہریوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ قربانی کے جانوروں کے فضلے کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگائیں۔

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، ویسٹ ٹرانسفر سٹیشنز کے ذریعے فضلہ کو فوری طور پر ڈمپنگ سائٹس تک منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خصوصی سینی ٹیشن ٹیمیں سڑکوں، عوامی مقامات اور قربانی کے مقامات کی صفائی پر مصروف عمل ہوں گی، صفائی پر مامور عملے کی نگرانی کے لیے بھی ٹریکنگ سسٹمز استعمال کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور مانیٹرنگ کے لیے مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو کہ مختلف اداروں کے درمیان رابطے کا مرکز، عوامی شکایات کے اندراج کا ذریعہ اور فیلڈ آپریشنز کی نگرانی کرے گا۔مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ عوام اپنی شکایات فون نمبر 9214067-091 یا موبائل نمبر 5607528-0346 پر درج کرا سکتے ہیں، تعطیلات کے دوران جراثیم کش سپرے، سڑکوں کی جھاڑو صفائی اور عوامی مقامات کی صفائی کا عمل تسلسل سے جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ صفائی اور ذمہ دارانہ رویے کے فروغ کے لیے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر آگاہی مہمات چلائی جارہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ جاری ہدایات پر عمل کریں، ویسٹ ڈمپنگ کے لیے مختص مقامات کا استعمال کریں اور نالوں، کھلے مقامات یا جنگلات میں فضلہ پھینکنے سے اجتناب کریں۔