Live Updates

قربانی کے جانوروں کے گوشت کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، ماہرین صحت

اتوار 8 جون 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) صحت کے ماہرین نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے گوشت کا ضرورت سے زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت کی زیادتی جسم میں یورک ایسڈ کی مقدار بڑھانے، متلی، اسہال، ہائی بلڈ پریشر اور نظام انہضام کی خرابی جیسے مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ہولی فیملی ہسپتال کے ماہر امراض معدہ ڈاکٹر فضل الرحمان نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو گوشت کھانے میں احتیاط برتنی چاہیے اور ساتھ ساتھ پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہیے تاکہ نظام انہضام بہتر طریقے سے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال عید کے دنوں میں سرکاری و نجی اسپتالوں میں معدے کی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں پیٹ سے متعلق امراض کے مریضوں کی بڑی تعداد اسپتالوں کا رخ کرتی ہے اس لیے گوشت کے شوقین افراد کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ گوشت کے استعمال میں اعتدال رکھیں تاکہ صحت مند اور چاک و چوبند رہ سکیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وقار احمد نے بھی شہریوں کو متوازن غذا اپنانے کا مشورہ دیا جس میں گوشت کے ساتھ سبزیاں بھی شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کو پکانے سے پہلے صاف پانی سے اچھی طرح دھونا ضروری ہے تاکہ ممکنہ بیکٹیریا اور دیگر آلودگیوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناقص صفائی اور زیادہ چکنائی والا گوشت کھانے سے فوڈ پوائزنگ اور دیگر انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے بچنے کے لیے صاف ستھرا ماحول اور مناسب طریقہ کار اپنانا ناگزیر ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات