پاور ڈویژن نے دو بجلی کے میٹرز لگانے پر پابندی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیدیا

پیر 9 جون 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)پاور ڈویژن نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبر کہ دو بجلی کے میٹرز کی تنصیب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے مکمل طور پر جھوٹ، گمراہ کن اور عوام میں بے چینی پھیلانے کی ایک بدنیتی پر مبنی کوشش ہے۔ترجمان نے بیان میں کہا کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ کسی بھی رہائشی جائیداد پر دوسرا بجلی کا میٹر موجودہ قوانین کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

نیپرا کنزیومر سروسز مینول 2021 کے مطابق ایسا کوئی بھی رہائشی یونٹ جس میں علیحدہ حصہ، علیحدہ سرکٹ، علیحدہ داخلی راستہ اور علیحدہ کچن موجود ہو اضافی میٹر کے لیے اہل ہوتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسی جھوٹی خبروں کو پھیلانا اور شیئر کرنا پیکا ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی کے غلط استعمال اور سبسڈی سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی روک تھام کے لیے قوانین پہلے بھی موجود تھے اور اب بھی مکمل طور پر نافذ العمل ہیں۔