گ*عوامی شکایات پر ہول سیلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہی: ڈاکٹر احسان بھٹہ

&سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا کنٹرول روم کا دورہ ، افسران سے خطاب

پیر 9 جون 2025 17:45

wلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول روم فعال طور پر کام کر رہا ہے۔ عوامی شکایات پر ہول سیلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ کنٹرول روم کا دورہ کرتے ہوئے افسران سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ کنٹرول روم اشیاء کی قیمتوں اور فوڈ سیفٹی سے متعلق 24 گھنٹے شکایات کا اندراج کر رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 سے زائد شکایات پر کارروائی کی گئی۔ صوبے بھر میں عید کے تینوں دنوں میں عوام کی سہولت کے لئے سبز مصالحے، آلو، پیاز اور ٹماٹر کا وافر ذخیرہ موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ قیمتوں کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ محکمہ کی انفورسمنٹ ٹیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ چیک اینڈ بیلنس کو برقرار رکھا جا سکے اور قیمتوں کے کنٹرول کے ضوابط کی تعمیل کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں نے کنٹرول پرائز پر اشیاء کی فراہمی کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

حکومت پنجاب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرکے اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ قیمتوں کو ریگولیٹ کرکے، حکومت کا مقصد معاشی استحکام کو فروغ دینا، متوسط طبقے کے گھرانوں کی حفاظت کرنا اور کم آمدنی والے خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں پر قابو پانے کے لیے حکومت کا عزم مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اس اقدام سے شہریوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔