ملکی خوشحالی کیلئے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، افتخار علی ملک

پیر 9 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تجارت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے اور ملکی خوشحالی کیلئے علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سوموار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک علاقائی معاشی انضمام کر کے بہت زیادہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک ایسی مارکیٹ ہے جو دنیا کی آبادی کا تقریبا ً25 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

یہ تجارتی بلاک یورپی یونین، آسیان اور یو ایس ایم سی اے کی طرح کامیاب اور غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاری کیلئے پر کشش ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جنوبی ایشیا معاشی طور پر دنیا کا سب سے کم مربوط خطہ ہے اور علاقائی تجارت میں اس کا حصہ صرف 5فیصد ہے جبکہ انٹر ریجنل تجارت کا تخمینہ موجودہ سطح سے دو گنا زیادہ ہے۔ اگر اس صلاحیت کا استعمال کیا جائے تو اس خطے کو اس کے جی ڈی پی کے 33فیصد کے برابر فائدہ ہوسکتا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ اس میں بنیادی رکاوٹ سیاسی مسائل ہیں۔ خطے کی سیاسی قیادت کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا اور یورپی یونین کے تجربات اور آسیان کے تجربات سے سیکھنا چاہئے اور سیاسی فوائد کیلئے معاشی ترقی کی قربانی نہیں دی جانی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :