مینگورہ میں صفائی آپریشن مکمل، 2ہزار ٹن سے زائد آلائشیں تلف

پیر 9 جون 2025 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میںعیدالاضحی کے موقع پر صفائی کا بڑا آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ واٹراینڈ سنٹیشن سرورسز کمپنی سوات کی جانب سے تین دن مسلسل جاری رہنے والے خصوصی صفائی آپریشن کے دوران شہر بھر سے دو ہزار ٹن سے زائد قربانی کی آلائشیں اٹھا کر محفوظ طریقے سے تلف کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی ترجمان شائستہ حکیم کے مطابق کمپنی کے چھ سو سے زائد اہلکاروں اور ایک سو سے زائد گاڑیوں نے دن رات صفائی میں حصہ لیا۔ کمپنی نے عید کے تینوں دن عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی تھیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ترجمان کے مطابق آپریشن مکمل ہونے کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہوں، گلی کوچوں اور محلے دار علاقوں میں پانی سے دھلائی اور چونے کا چھڑکا بھی کیا گیا، جس کے باعث مینگورہ شہر مکمل طور پر صاف اور خوشبودار نظر آیا۔ شہریوں نے ڈبلیو ایس ایس سی کی بروقت اور منظم کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔