صفائی صرف موقع کی ضرورت نہیں بلکہ یہ مستقل ترجیح ہونی چاہیے، کمشنر

منگل 10 جون 2025 19:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر کیے گئے صفائی کے مؤثر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ صفائی کے ان اعلیٰ معیار کو صرف عید تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پورا سال اسی جذبے اور فعالیت سے صفائی کے نظام کو جاری رکھا جائے۔

کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ عید کے تینوں دن صفائی کے حوالے سے بہترین کام ہوا، اس کی ایک فالواپ میٹنگ رکھی جائے گی تاکہ آنے والے دنوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ صفائی صرف موقع کی ضرورت نہیں بلکہ یہ مستقل ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تحصیل سطح پر قائم کردہ کنٹرول رومز کو ڈپٹی کمشنر آفس کے ساتھ مربوط کیا جائے تاکہ فوری اور مؤثر رابطہ قائم رہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ولیج لیول پر صفائی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔مزید برآں اجلاس میں تمام جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے اور ان کو حتمی شکل دے کر جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ ان پر فوری عملدرآمد کو ممکن بنایا جا سکے۔کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور شہر کی بہتری کے لیے ہر سطح پر مربوط اقدامات اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔ ہم سب کو مل کر ایک صاف، ترقی یافتہ اور مربوط نظام کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :