چینی گارمنٹس کمپنی کا پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کا اعلان

اتوار 17 اگست 2025 15:55

چینی گارمنٹس کمپنی کا پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء) معروف چینی گارمنٹس مینوفیکچرر کمپنی چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ نے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زید) قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ زون آئندہ پانچ سال کے دوران 100 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے قائم کیا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابق اس سرمایہ کاری سے 400 ملین ڈالر (40 کروڑ ڈالر) کی برآمدات متوقع ہیں۔

واضح رہے 2014 سے چیلنج فیشن گروپ نے پاکستان میں 17 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، فیشن گروپ پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل صنعت قائم کر رہا ہے۔یاد رہے وزیراعظم نے جمعہ کے روز کمپنی کے چیئرمین ہوانگ ویگو کی سربراہی میں آئے وفد سے ملاقات کے بعد خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح کیا۔ گوادر پرو کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم چیلنج فیشن گروپ کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کو سراہتے ہیں، ہم پاکستان میں چیلنج گروپ کے خصوصی اقتصادی زون کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعثِ اطمینان ہے اور حکومت پاکستان چین کے ساتھ دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہاں ہے۔ گوادر پرو کے مطابق وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایس ای زید ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنر کی ترقی اور پائیدار صنعتی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔

گوادر پرو کے مطابق وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ایس ای زید کے حوالے سے چیلنج گروپ کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا ہم چین-پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)کے صنعتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے پٴْرعزم ہیں اور پاکستان ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین کی ترقی اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چیلنج فیشن گروپ کے چیئرمین ہوانگ ویگو نے پاکستان میں پرجوش استقبال پر وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا۔