چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار ، 01کروڑ روپے سے زائد مالیتی چوری و ڈکیتی شدہ موٹر سائیکلزو دیگر سامان اور نقد رقم برآمد

منگل 10 جون 2025 19:09

احمدپورشرقیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد حسن اقبال کے احکامات،ایس ڈی پی او سٹی سرکل پولیس کی قیادت میں سٹی سرکل کے تھانہ جات کی ماہ مئی میں کامیاب کارروائیاں، چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار ، گرفتار ملزمان سے 01کروڑ روپے سے زائد مالیتی چوری و ڈکیتی شدہ موٹر سائیکلزو دیگر سامان اور نقد رقم برآمد کر لیا گیا۔

ایس ڈی پی اوسٹی سرکل بہاولپورنے اپنے دفتر میںسٹی سرکل کے ایس ایچ اوز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد حسن اقبال نے سٹی سرکل میں چوری و ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں کنٹرول کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ جس کے نتیجے میں میری زیر نگرانی میں ایس ایچ اوز نے دن رات محنت سے خفیہ معلومات، انٹیلی جنس ذرائع، ہیومن ریسورسز ،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور موثر حکمت عملی سے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے کرچوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

گرفتارملزمان کے قبضہ سے بہاولپور سٹی سے چوری و ڈکیتی کی گئیں 48عدد موٹر سائیکل ، گھریلو سامان ،طلائی زیورات، مال مویشی اورتقریباً 45لاکھ روپے نقد رقم برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزمان سے مزید انٹیروگیشن جاری ہے ۔ برآمد شدہ موٹر سائیکل، نقد رقم و دیگر سامان ضروری کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کئے جارہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے سرقہ شدہ سامان موٹر سائیکلز اور نقد رقم ملنے اور ملزمان کی گرفتاریوں پر بہاول پور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی پی او بہاولپورمحمد حسن اقبال نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ جرائم پیشہ افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ میڈیا نمائندگان کی جانب سے پولیس کی اس کاوش کو سراہا گیا۔\378