ثنا ء یوسف کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر فالورز کی تعداد لاکھوں میں تھی

بدھ 11 جون 2025 11:31

ثنا ء یوسف کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر فالورز کی تعداد لاکھوں میں تھی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں کہ اسلام آباد میں اپنے گھر کے اندر قتل ہونے والی معروف ٹک ٹاکر ثنا یوسف نے ایک ڈرامے میں بھی کام کیا تھا۔17 سالہ ثنا ء یوسف کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر فالورز کی تعداد لاکھوں میں تھی۔ ان کی زیادہ تر ویڈیوز میں سادگی، برجستگی، مزاح اور عمومی مسائل پر گفتگو ہوا کرتی تھی۔

ثنا یوسف اپنی ویڈیوز میں ہر وقت ہنستی مسکراتی نظر آتی تھیں۔ وہ سوشل میڈیا پر اپنی سادگی کی وجہ سے بھی کافی مقبول تھیں۔

(جاری ہے)

مقتولہ ثنا یوسف کی ویڈیوز دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں تھا کہ اس چھوٹی سی بچی میں ایک اداکارہ بھی چھپی ہوئی ہے۔جس کا ثبوت اس وقت ملا جب سوشل میڈیا پر ایک ڈرامے وہ ضدی سی کی چند تصاویر وائرل ہوئیں۔ جن میں چائلڈ اسٹار عینا آصف کے ساتھ ثنایوسف بھی چند مناظر میں نظر آ رہی ہیں۔

اس ڈرامے میں عینا آصف نے علی عباس کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا جب کہ ثنا یوسف نے ان کی ہم جماعت سہیلی کا کردار نبھایا تھا۔یہ تصاویر وائرل ہوئیں تو سوشل میڈیا صارفین نے ایک بار پھر اس افسوسناک واقعے پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماج ایک باصلاحیت لڑکی سے محروم ہوگیا۔