حج نے دکھوں کا مداوا کیا،فلسطینی خاتون حاجیہ کا جذباتی بیان

ایمان سے بھرپور یہ سفر ان دکھوں کا مداوا ثابت ہوا،فریال لطفی کی گفتگو

بدھ 11 جون 2025 14:18

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)حج نے میرے زخموں پر مرہم رکھا اور چہرے پر مسکراہٹ لوٹا دی" ان جذباتی الفاظ میں فلسطینی حاجیہ فریال لطفی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حج پروگرام کے تحت اپنی سعادتِ حج کا احوال بیان کیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایمان سے بھرپور یہ سفر ان دکھوں کا مداوا ثابت ہوا، جو انہوں نے برسوں فلسطین میں برداشت کیے۔

فریال لطفی کی طرح فلسطینی حاجی محمد المغربی نے بھی اسی احساس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے حرمین شریفین آنے والوں کی خدمت اور انہیں اعلی درجے کی سہولیات کی فراہمی اس ملک کی دیرینہ روایت اور عظیم انسانی خدمت کا تسلسل ہے۔اسی طرح فلسطین سے تعلق رکھنے والے حاجی احمد محمد محمود نے کہا کہ اس سال حج کے دوران جو کامیابیاں حاصل ہوئیں، وہ مملکت کی ان مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد حرمین شریفین کی خدمت اور وہاں آنے والے حجاج، عمرہ زائرین اور مہمانوں کی بھرپور میزبانی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے ہر ممکن سہولت فراہم کی تاکہ ضیوف الرحمان عبادات کو پورے اطمینان، امن اور روحانیت کے ماحول میں مکمل کر سکیں۔فلسطینی حاجیہ سامیہ جمعہ نے اس موقع پر ان سعودی خواتین کی خدمات کو سراہا، جو حج کے دوران رضاکارانہ طور پر زائرین کی خدمت میں مصروف رہیں۔ ان کے مطابق یہ قدم نہ صرف ایک منفرد مثال ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ سعودی خواتین اعتماد اور ذمہ داری کے قابل ہیں۔