یو اے ای میڈیا کونسل کا نیا اقدام: سوشل میڈیا پر اشتہاری مواد کی اشاعت کیلئے ’’ایڈورٹائزر پرمٹ‘‘ کا اجرا

بدھ 30 جولائی 2025 17:25

یو اے ای میڈیا کونسل کا نیا اقدام: سوشل میڈیا پر اشتہاری مواد کی اشاعت ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) یو اے ای میڈیا کونسل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ترغیبی یا اشتہاری مواد شائع کرنے والے افراد کے لیے "ایڈورٹائزر پرمٹ" کے اجرا کا اعلان کیا ہے جو ادا شدہ اور غیر ادا شدہ دونوں اقسام کے مواد پر لاگو ہوگا۔یہ اقدام میڈیا انڈسٹری میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ لچکدار ضابطہ جاتی نظام کی تشکیل کا حصہ ہے جس کا مقصد مواد کے معیار میں بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور تخلیقی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو راغب کرنا ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق نئے پرمٹ کے ذریعے اشتہاری سرگرمیوں کے لیے واضح اصول و ضوابط متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ سماج اور مواد تخلیق کرنے والوں دونوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے، اس سے شفافیت، پیشہ ورانہ طرز عمل اور عوامی اعتماد کو فروغ ملے گا اور یو اے ای کو اشتہاری مواد کی عالمی پیداوار کا مرکز بنانے کی حکمت عملی کو تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

یو اے ای میڈیا کونسل کے سیکریٹری جنرل محمد سعید الشحی نے کہا کہ ایڈورٹائزر پرمٹ کا اجرا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اشتہاری سرگرمیوں کے لیے ضابطہ جاتی نظام میں ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پرمٹ ایک ایسا ماڈل تشکیل دیتا ہے جو تخلیق کاروں، اشتہاری اداروں اور عوام کے درمیان ذمہ دارانہ تعلقات کو متعین کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام میڈیا کے شعبے میں شفافیت اور اعتماد پر مبنی ماحول کی بنیاد رکھتا ہے جس سے عوام میں ڈیجیٹل مواد پر یقین اور بھروسہ بڑھے گا۔

الشحی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یو اے ای نے خود کو عالمی سطح پر ڈیجیٹل تخلیق کاروں کیلئے مرکز کے طور پر منوایا ہے جہاں لچکدار قانون سازی، جدید انفراسٹرکچر اور اختراع کو فروغ دینے والا ضابطہ جاتی ماحول دستیاب ہے ۔ میڈیا اور کنٹینٹ اکانومی کو مستقبل کی معیشت کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو اے ای حکومت تخلیقی صلاحیتوں، انفرادی اور ادارہ جاتی سطح پر سرمایہ کاری کو ترجیح دیتی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آف اسٹریٹیجی اینڈ میڈیا پالیسی سیکٹر میثہ ماجد السویدی نے وضاحت کی کہ یہ پرمٹ ڈیجیٹل اشتہارات کے معیار کو بہتر بنانے اور تخلیق کاروں کو بااختیار بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پرمٹ تین ماہ بعد نافذ العمل ہوگا تاکہ تخلیق کار اپنی قانونی حیثیت کو ہم آہنگ کر سکیں۔ پرمٹ پہلے تین سال کیلئے مفت فراہم کیا جائے گا اور موجودہ کارآمد پرمٹس اپنی معیاد مکمل ہونے تک مؤثر رہیں گے۔

پرمٹ حاصل کیے بغیر کسی بھی فرد کو سوشل میڈیا پر اشتہاری مواد کی اشاعت کی اجازت نہیں ہوگی ماسوائے ان افراد کے جو اپنے ذاتی کاروبار یا کمپنی کے لیے اپنی ذاتی پروفائل سے پروموشن کریں یا 18 سال سے کم عمر نوجوان جو تعلیمی، ثقافتی یا کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں میں شریک ہوں بشرطیکہ یہ سرگرمیاں قانونی عمر کے دائرے میں آئیں۔ پرمٹ رکھنے والے افراد کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پرمٹ نمبر کو واضح طور پر درج کریں تاکہ ناظرین اور متعلقہ ادارے آسانی سے اس کی تصدیق کر سکیں۔

مزید برآں، اکاؤنٹ کے ذریعے صرف وہی شخص اشتہاری مواد شائع کر سکتا ہے جس کے نام پر پرمٹ جاری ہوا ہو، کسی دوسرے فرد یا ادارے کو اسی رجسٹرڈ اکاؤنٹ سے اشتہار چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں، اگر کسی اشتہار کی اشاعت کے لیے متعلقہ قانون سازی کے تحت پیشگی منظوری درکار ہو تو وہ اجازت باقاعدہ طور پر متعلقہ حکام سے حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ساتھ ہی "وزیٹر ایڈورٹائزر پرمٹ" بھی مکمل نفاذ کے ساتھ متعارف کروایا جائے گا جس کے تحت غیر ملکی تخلیق کاروں کو یو اے ای میں رجسٹرڈ اشتہاری یا ٹیلنٹ ایجنسی کے توسط سے رجسٹر ہونا لازم ہوگا، یہ پرمٹ تین ماہ کیلئے مؤثر ہوگا اور ایک بار تین ماہ کیلئے مزید توسیع دی جا سکے گی۔