وزیر ریلوے کاسول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار

گھر بیٹھ کر کاغذی معائنہ ہو گا تو لوگ مرتے رہیں گے،غفلت کی وجہ سے کوئی جان گئی تو خود مدعی بنوں گا

بدھ 11 جون 2025 22:43

وزیر ریلوے کاسول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا مجھے بتائیں آپ انسپکشن کس طرح کرتے ہیں گھر بیٹھ کر کاغذی معائنہ ہو گا تو لوگ مرتے رہیں گے،کسی کی غفلت کی وجہ سے کوئی جان گئی تو خود مدعی بنوں گا۔وزیر ریلوے حنیف عباس کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔

حنیف عباسی نے کہا کہ خانیوال واقعہ کی انکوائری ہو لینے دیں وہ نتیجہ نکلے گا کہ کوئی دوبارہ غفلت کی جرات نہیں کرے گا۔وزیر ریلوے نے تمام مسافر پلوں، ریلوے برِجز کی ایمرجنسی بنیادوں پر فوری انسپکشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اے جی ایم انفراسٹرکچر افسران کی کیپیسٹی بلڈنگ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور اسٹیشن پر 25جون کو ایسکیلیٹر چلا دئیے جائیں گی155ریلوے اسٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئی31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے ۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ بھی ہوا ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ جرمن کوچز میں لگانے کے لئے اے سی کے 12یونٹس آئے ہوئے تھے،انہیں کوچز میں لگانے کی بجائے آپ لوگ چھٹی پر تھے،کوچز کی حالت دیکھیں، آپ نے عید کی چھٹیاں کیسے منا لیں ۔مسافروں کو ہر صورت بہتر سفر کروانا ہو گا، چاہے آپ کو راتوں کو جاگنا پڑے،اگر ٹرینوں کے اے سی بند ہوتے رہے تو آپ کے دفاتر میں بھی نہیں چلیں گے،افسران موقع پر جا کر کوچز کی فٹنس چیک کریں۔

اجلاس میں فیلڈ میں موقع پر جا کر انسپکشن نہ کرنے والے افسران کو ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ورکشاپ اپنی کارکردگی بہتر بنائے،69لوکوموٹیوز سکریپ میں نہیں بیچنے دوں گا، انہیں قابلِ استعمال بنایا جائے۔ وفاقی وزیر نے 31دسمبر تک 820فریٹ ویگنز کی فراہمی کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ کل آمدن کا 70فیصد مال گاڑیوں سے حاصل کریں گے۔