گرین بس سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے عوامی رائے کو مدِنظر رکھا جائے گا،سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ

بدھ 11 جون 2025 22:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے کوئٹہ شہر میں جاری گرین بس سروس کا معائنہ کیا ان کے ہمراہ سیکریٹری پی ٹی اے عبدالمجید جونیجو، سیکریٹری آر ٹی اے محمد علی درانی، ڈائریکٹر بی ٹی ای بی شکیل احمد اور ڈائریکٹر بی پی پی پی اے محمد امجد بھی تھے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے گرین بس میں عوام کے ساتھ سفر کیا اور سروس کے تمام پہلوؤں کا باریکی سے جائزہ لیا دورانِ سفر انہوں نے مسافروں سے گفتگو کی اور سروس سے متعلق آراء اور تجاویز حاصل کیںشہریوں کی اکثریت نے گرین بس سروس کو خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دیا۔

انہوں نے اس سہولت کو عوام کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا تاہم کچھ شہریوں نے سروس میں بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں جیسے کہ بسوں کی روانگی کے وقت میں بہتری، بس اسٹاپ کی صفائی، اور بسوں کی تعداد میں اضافہ شامل ہے سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے اس موقع پر کہا کہ گرین بس سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے عوامی رائے کو مدِنظر رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو باوقار، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے یہ دورہ گرین بس سروس کی افادیت، شفافیت اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

متعلقہ عنوان :