/سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر افسران کا عوام کے ساتھ سفر کرکے گرین بس سروس کا براہِ راست جائزہ

بدھ 11 جون 2025 22:30

ٴْکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء)سیکریٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے کوئٹہ شہر میں جاری گرین بس سروس کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ سیکریٹری پی ٹی اے جناب عبدالمجید جونیجو، سیکریٹری آر ٹی اے محمد علی درانی، ڈائریکٹر بی ٹی ای بی شکیل احمد اور ڈائریکٹر بی پی پی پی اے محمد امجد بھی تھے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے گرین بس میں عوام کے ساتھ سفر کیا اور سروس کے تمام پہلوں کا باریکی سے جائزہ لیا۔

دورانِ سفر انہوں نے مسافروں سے گفتگو کی اور سروس سے متعلق آرا اور تجاویز حاصل کیں۔شہریوں کی اکثریت نے گرین بس سروس کو خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے اس سہولت کو عوام کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم، کچھ شہریوں نے سروس میں بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں، جیسے کہ بسوں کی روانگی کے وقت میں بہتری، بس اسٹاپ کی صفائی، اور بسوں کی تعداد میں اضافہ۔

(جاری ہے)

سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے اس موقع پر کہا کہ گرین بس سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے عوامی رائے کو مدِنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو باوقار، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔یہ دورہ گرین بس سروس کی افادیت، شفافیت اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔