انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ٹیم ورک اور ذمہ داری کے ساتھ کام کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی

جمعرات 12 جون 2025 01:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز عبداللہ خان کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ، اے سی صدر حاکم خان، ضلعی ہیلتھ افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام اور کنٹرول کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع راولپنڈی میں انڈور سرویلنس کے تحت یکم جنوری سے اب تک 3,089,679 گھروں کو چیک کیا گیا، جن میں سے 13250 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی۔آؤٹ ڈور رپورٹ کے مطابق 741526 مقامات کو چیک کیا گیا، جن میں سے 3067 مقامات پر ڈینگی لاروا ملا۔

(جاری ہے)

ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سال 2025 میں مجموعی طور پر 571 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 442 مقامات کو سیل کیا گیا، 1848 چالان کیے گئے، اور 1084000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ٹیم ورک اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ڈینگی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سرویلنس اور پینیٹو ایکشن میں مزید بہتری لائی جائے اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہمات میں بھی تیزی لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی جگہ سے لاروہ ملتا ہے تو اس جگہ کو سیل کرے اور تین دن سے پہلے ڈی سیل نہ کرے۔

متعلقہ عنوان :