کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے پرچہ رجسٹری سے متعلق عوامی شکایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر سروس ڈلیوری سنٹر ایبٹ آباد کو طلب کر لیا

جمعرات 12 جون 2025 11:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے پرچہ رجسٹری سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اپنے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر سروس ڈلیوری سنٹر ایبٹ آباد کو طلب کر کے ان سے پرچہ رجسٹری پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق وجہ پوچھی۔ ڈپٹی ڈائرکٹر سروس ڈلیوری سنٹر ایبٹ آباد نے کمشنر آفس میں کمشنر ہزارہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹاف کی کمی اور موضعات کا بروقت آن لائن نہ ہونا اور پرچہ رجسٹری میں کمی بیشی کی وجہ سے عمل درآمد میں مشکلات درپیش ہیں۔

کمشنر ہزارہ نے سٹاف کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کو ہدایت کی جائے کہ ایس ڈی سی میں کمپیوٹر آپریٹر تعینات کئے جائیں۔ کمشنر ہزارہ نے ڈی ڈی ایس ڈی سی کو ہدایت کی کہ مارچ 2025ءتک زیرالتوا تمام پرانی رجسٹریوں پر دو ماہ میں عمل درآمد کر کے رپورٹ پیش کی جائے جو باقی ماندہ رہ جائے ان پر ایک ماہ کے اندر عمل درآمد کروایا جائے اور اس کام کیلئے الگ کاونٹرز بنائے جائیں اور ایک پٹوار خانہ کو آن لائن کرکے سب ایس ڈی سی بنایا جائے جہاں سے لوگوں کے ان کے متعلقہ موضع کے انتقالات وغیرہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے مزید کہا کہ ڈی ڈی اور سب رجسٹرار ایبٹ آباد آپس میں بیٹھ کر تمام پرچہ رجسٹری کو ریکنسائل کر کے ان کی لسٹ میرے دفتر بھیجی جائیں۔ کمشنر ہزارہ نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے سروس ڈلوری سنٹر میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سائلوں کے بیٹھنے کے لئے کرسیاں لگائی جائیں اور اس حوالہ سے مزید یہ عمل درآمد اور ایس ڈی سی کی کارکردگی دیکھنے کیلئے میں خود بھی اچانک دورہ کروں گا۔

متعلقہ عنوان :