سینیٹ میں مشیروں اور کنسلٹنٹ کی بڑھتی تعداد پر سینیٹر دنیش کمار کا تحفظات کا اظہار

چیئرمین سینیٹ کے نام خط میں سرکاری دوروں اور مشیروں کی تفصیلات مانگ لیں

جمعرات 12 جون 2025 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)سینیٹ میں مشیروں اور کنسلٹنٹ کی بڑھتی تعداد پر سینیٹر دنیش کمار نے تحفظات کا اظہار کردیا، چیئرمین سینیٹ کے نام خط میں سرکاری دوروں اور مشیروں کی تفصیلات مانگ لیں۔ایوان بالا میں مشیروں اور کنسلٹنٹ کی بڑھتی تعداد پر بلوچستان عوام پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے نام خط لکھ دیا۔

خط کے متن کے مطابق سینٹر دینش کمار نے چیئرمین سینیٹ سے سرکاری دوروں اور مشیروں کی تفصیلات مانگ لیں۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا کہ سینیٹرز کی ذمہ داریاں مشیروں کو تقویض کردی گئی ہیں، سینیٹ کے مشیروں کی تعداد کتنی ہے، تفصیلات فراہم کی جائیں،گزشتہ ایک سال میں سینیٹرز کے بیرون ممالک دوروں کی بھی مکمل تفصیلات دی جائیں۔سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ بیرون ممالک دوروں میں شفافیت نہ ہونے پر سینیٹرز میں تشویش پائی جاتی ہے، تاثر ہے کہ دوروں میں سینیٹرز کے بجائے مشیروں کو اہم کردار دیا جاتا ہے۔خط میں کہا گیا کہ مشیر ذاتی تعلقات کی بنیاد پر بغیر تحقیق اور تجربے کے وفود میں نام شامل کرتے ہیں، سینیٹ میں مشیروں کی تعداد،مراعات، قابلیت، تقرری سمیت تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔