ڈپٹی کمشنرکی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد،بجلی واجبات کی وصولی، ضلع بھر میں صفائی ستھرائی بارے تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 12 جون 2025 19:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت امیر اعظم حمزہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بجلی واجبات کی وصولی، ضلع بھر میں صفائی ستھرائی اور آوارہ کتوں کے خلاف مہم (ڈاگ شوٹنگ) پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز گلگت، دنیور، جگلوٹ، عملدرآمد، ایس ڈی او برقیات، ایس ڈی پی او سٹی گلگت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر گلگت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت شہر کو ایک خوبصورت ماڈل سٹی بنانے کا عزم کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی سب ڈویژنوں میں صفائی مہم فوری طور پر شروع کریں جبکہ چوک چوراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر موجود وال چاکنگ کو بھی صاف کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بجلی واجبات کی ریکوری میں مزید تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے ایس ڈی او برقیات کو ہدایت دی کہ پرائیویٹ واٹر پمپس کے بقایا جات اقساط میں تقسیم کر کے بل جاری کیے جائیں تاکہ عوام آسانی سے ادائیگیاں کر سکیں۔ اس موقع پر ایس ڈی او برقیات نے بتایا کہ بلوں کی وصولی میں بہتری آئی ہے تاہم کچھ نجی پمپس کے واجبات اب بھی باقی ہیں۔اجلاس میں شریک تینوں سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے علاقوں میں بجلی ریکوری اور صفائی سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔

جی ڈبلیو ایم سی کا عملہ بھی صفائی کے لیے متحرک ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی گلگت کو ہدایت جاری کی کہ غیر قانونی طریقے سے بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کریں اور محکمہ برقیات کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے۔اجلاس میں آوارہ کتوں کے خلاف عوامی شکایات کے تناظر میں "کتا مار مہم" کے فوری آغاز کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ شہریوں کو درپیش خطرات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :