لله* مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت

جمعرات 12 جون 2025 20:20

ھ فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے سی ایل سی سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر انسداد ڈینگی مہم کے تحت عوامی آگاہی کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھی تاکید کی ہے۔ اس حوالے سے آج سٹیزن لائزن سیل سٹاف نے مدرستہ المدینہ اشرف آباد وزٹ کیا اور وہاں پر زیر تعلیم طالب علموں کو ڈینگی سے بچائو بارے آگاہی لیکچر دیا۔

سی ایل سی سٹاف نے مدرسہ کے طالب علموں میں انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے تحریر شدہ پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔ ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق انسداد ڈینگی مہم کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنا اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ واسا ہیڈ آفس سمیت ذیلی دفاتر، ڈسپوزل اسٹیشنزاور پانی کی ٹینکیوں پرانسداد ڈینگی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کروایا جارہا ہے اور ایڈمنسٹریشن افسران سرپرائز وزٹ کر کے رپورٹ بھی کررہے ہیں۔

ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی ڈینگی مچھروں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے جس کے لئے ہم سب کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا دفاتر اور چھتوں پر کسی بھی جگہ پانی جمع نہیں ہونے دیا جارہا اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی، ستھرائی کی چیکنگ بھی کروائی جارہی ہے۔