وزیراعلی پنجاب سمر گیمزانٹر ڈویژن کاآغاز، وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے افتتاح کیا

جمعرات 12 جون 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب سمر گیمز 2025 کے انٹر ڈویژن مرحلے کی افتتاحی تقریب نشتر اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوئی جس کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کیا،اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضل چوہدری، دیگر اہم شخصیات، کوچز اور کھلاڑی بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضر افضل چوہدری نے کہا کہ سمر گیمز کا آغاز تحصیل سطح سے ہوا، جس کے بعد ضلعی اور اب انٹر ڈویژن مرحلے میں 700 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی اور آفیشلز شریک ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹرائلز کا انعقاد پنجاب کی 155 تحصیلوں میں کیا گیا، جس کے بعد بہترین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملا۔صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ گیمز وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے عین مطابق ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 9500 سے زائد کھلاڑیوں میں سے منتخب 702 چمکتے ستارے انٹر ڈویژن سطح پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

سمر گیمز میں چار اہم کھیلوں کبڈی، ہاکی، والی بال اور بیڈمنٹن کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے جائیں گے، ان کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں 75 لاکھ روپے مالیت کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے، گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 70 ہزار، سلور کو 50 ہزار اور برائونز جیتنے والے کو 35 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف اسکیمیں شروع کی گئی ہیں، جن میں ٹرائلز، کوچنگ کیمپس اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز شامل ہیں، آئندہ چند ماہ میں پنجاب بھر میں نئے اسپورٹس کمپلیکس اور جدید جمنازیمز قائم کیے جائیں گے۔ ملک فیصل ایوب نے نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ثقافتی کھیلوں کبڈی اور ہاکی کی بھرپور واپسی کے لیے پرعزم ہیں، "ہم ہر شہر اور قصبے میں کھیل کے میدان آباد کر رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں اور ملک کا نام روشن کریں۔ صوبائی وزیر کھیل نے تمام شریک کھلاڑیوں، کوچزاور سپورٹس افسران کا خصوصی شکریہ ادا اور اسطرح کی تقریبات کا تسلسل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔