ابوظہبی گرینڈ پری برائے گریپلنگ کا میدان 15 جون کو سجے گا

50 ممالک سے تعلق رکھنے والے 65 اکیڈمیوں کے سینکڑوں ایتھلیٹس مختلف عمر اور مہارت کی کیٹیگریز میں حصہ لیں گے

ہفتہ 14 جون 2025 14:00

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)ابوظہبی میں پہلی بار ’’ابوظہبی گرینڈ پری برائے گریپلنگ‘‘کا میدان 15 جون بروز اتوار کو سجے گا۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق ابوظہبی،زاید سپورٹس سٹی کے مبادلہ ایرینا میں پہلی بار منعقد ہونے والے’’ابوظہبی گرینڈ پری برائے گریپلنگ‘‘ کی میزبانی کرے گا، جو ابوظہبی جیو جِتسو پرو (اے جے پی) کے سالانہ مقابلہ جاتی کیلنڈر میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے 65 اکیڈمیوں کے سینکڑوں ایتھلیٹس مختلف عمر اور مہارت کی کیٹیگریز میں حصہ لیں گے، جس سے متنوع بیک گراؤنڈز کے حامل گریپلنگ اور گراؤنڈ فائٹنگ کھلاڑیوں کو ایک جامع پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ یہ مقابلہ نہ صرف متحدہ عرب امارات کی بڑھتی ہوئی کھیلوں کی ثقافت کا عکاس ہے بلکہ خطے میں کومبیٹ سپورٹس کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔اس ابتدائی ایڈیشن میں صرف مرد ایتھلیٹس کو شرکت کی اجازت ہے، جس میں جونیئرز، امیچرز، پروفیشنلز اور ماسٹرز کے ڈویژنز شامل ہیں۔ مقابلہ تمام قومیتوں کے کھلاڑیوں کے لیے کھلا ہے، یوں دنیا بھر کے ایتھلیٹس کو مسابقت کا وسیع تر موقع فراہم ہوگا۔