Live Updates

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز چھ ریجنز میں ہو گیا

ہفتہ 14 جون 2025 22:34

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر کرکٹ ٹورنامنٹ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز چھ ریجنز ایبٹ آباد، بہاولپور، فاٹا، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں ہو گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ ملک بھر کے 16 ریجنز میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں مجموعی طور پر 110 ٹیمیں تین روزہ میچز کھیلیں گی۔

یہ ٹورنامنٹ آزاد جموں و کشمیر اور لاڑکانہ ریجنز میں (کل) بروز اتوار سے شروع ہو گا جبکہ فیصل آباد، اسلام آباد اور پشاور ریجنز میں میچز کا آغاز 16 جون سے ہو گا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ ریجن میں 19 جون جبکہ حیدرآباد اور راولپنڈی ریجنز میں 20 جون سے مقابلے شروع ہوں گے۔ ڈیرہ مراد جمالی 21 جون سے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا اور کراچی ریجن میں میچز 27 جون سے کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب اپریل اور مئی میں منعقدہ چیلنج لیگ (دو روزہ) اور پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ مستقبل کی قائد اعظم ٹرافی کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کے چناؤ کا ذریعہ بنے گا۔ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر اعلیٰ سطح پر جگہ بنا سکیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات