آئی جی اسلام آباد کا پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ، بہترین کارکردگی پر انعامات کا اعلان

اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت کو محفوظ بنانے کیلئے پرعزم ہے ،شہریوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے ، آئی جی کا افسران سے خطاب

ہفتہ 14 جون 2025 20:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس میں اعلی پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی انڈسٹریل ایریا، ایس ڈی پی اوز اور ہائی ویلیو کیسز کو حل کرنے والی پولیس ٹیموں کے ساتھ ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور تمام افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام افسران جرائم پیشہ عناصر کے انسداد اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی مفروران، اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کے کرم سے اسلام آباد پولیس نے تمام بڑے کیسز کو کامیابی سے حل کیا ہے اور درپیش تمام چیلنجز پر قابو پایا گیا ہے۔آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ مشکل وقت میں شہریوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے کیونکہ اس شہر کے لوگوں کی امیدیں پولیس افسران سے وابستہ ہیں۔ تمام افسران اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر انجام دیں، اور سینئر افسران نوجوان افسران کی فیلڈ میں تربیت کریں۔آخر میں آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔