ڈی آئی جی سکھر کی زیر صدارت اجلاس ، محرم الحرام کی سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا

منگل 17 جون 2025 19:03

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہل تشیع علماء ، رہنماؤں و اکابرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں سکھر رینج کے تینوں اضلاع سکھر ،خیرپور اور گھوٹکی سے اہل تشیع کے رہنماؤں سید رکمیل شاہ، سید مسرور شاہ، بابر ابڑو ضلع سکھر سید ناصر شاہ، سید دربار علی شاہ ضلع خیرپور، مولوی اختر علی لونڈ،عبدالجبار حسینی،ارباب علی لونڈ ضلع گھوٹکی سمیت ضلع سکھر،خیرپور اور گھوٹکی کے ڈی آئی بی انچارجز نے شرکت کی۔

اس موقع پر محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی و دیگر مسائل پر تبادلہ خیال اور مجالس و جلوسوں کے مجموعی سیکیورٹی انتظامات سمیت ممکنہ درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے اس ضمن میں تمام شرکاء سے فرداً فرداً مسائل دریافت کیے اور محرم الحرام کے دوران سابقہ تجربات کی روشنی میں نشاندہی کردہ تجاویز کو زیرِ غور لاتے ہوئے ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے جانے کا یقین دلایا۔

ڈی آئی جی سکھر نے تمام شرکاء کو سیکیورٹی کے حوالے سے فول پروف اقدامات کرنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان بحال رکھنا اہم ترجیح ہے ، اس حوالے سے فول پروف سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،عزاداری کے جلوسوں کی تمام گزرگاہوں کو محفوظ بنانے کیلئے روٹس کی سویپنگ اور سرچنگ کے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید برآں عزاداری تنظیموں کی طرف سے مقرر کردہ مرد اسکاؤٹس و رضا کار لیڈیز کی بھی سینیئر پولیس افسران کی زیر نگرانی محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں و مجالس کی سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔خواتین کی مجالس پر لیڈیز پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت رضا کار خواتین کو بھی مقرر کرنا پلان کا حصہ ہے،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل دینے کیلئے ریپڈ رسپانس فورس کے کثیر تعداد میں خصوصی دستے موجود رہیں گے۔

حفاظتی اقدامات کے پیش نظر نیشنل ایکشن پلان پر بھی سختی سے عمل کیا جائے گا، شرپسند اور فتنہ خور عناصر کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی، شکایات کی رسائی، معلومات کی شیئرنگ اور لمحہ بہ لمحہ نگرانی کیلئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم ہوگا۔ اس موقع پر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہاکہ کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف سخت ترین محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔