خیبرپختونخوا میں میڈیکل آفیسرز کے ٹیسٹ میں 1766 امیدوار کامیاب

بدھ 18 جون 2025 18:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) خیبرپختونخوا محکمہ صحت کے تحت کنٹریکٹ بنیادوں پر میڈیکل آفیسرز کی بھرتی کے لیے 14 اور 15 جون کو ایٹا کے زیرِ نگرانی منعقدہ تحریری امتحانات کے نتائج جاری کر دئیے گئے ہیں۔چار مختلف اضلاع میں منعقدہ اس ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 8974 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 1766 کامیاب جبکہ 5664 ناکام قرار پائے۔

ایٹا کی جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بٹ خیلہ میں 2424 امیدواروں نے ٹیسٹ دیاجن میں سے 476 نے کامیابی حاصل کی جبکہ 1562 ناکام ہوئے۔ اس ضلع میں سب سے زیادہ اسکور 78 ریکارڈ کیا گیا۔ہری پور میں 1652 امیدوار شریک ہوئےجن میں سے 342 نے کامیابی حاصل کی اور 1023 ناکام قرار پائےجبکہ یہاں زیادہ سے زیادہ اسکور 79 رہا۔اپر دیر میں 1823 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے 364 پاس ہوئے اور 1193 فیل ہو گئے۔

(جاری ہے)

یہاں بھی سب سے زیادہ اسکور 79 رہا۔مردان میں سب سے زیادہ 3075 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 584 نے ٹیسٹ پاس کیا اور 1886 ناکام قرار پائے۔ مردان میں سب سے زیادہ اسکور 89 رہا۔ان چار اضلاع میں مجموعی طور پر 115 آسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل جاری ہے۔اس موقع پر مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے واضح کیا ہے کہ بھرتی صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر ہو گی انہوں نے کہا کہ نہ جرگے بلائے گئے ہیں اور نہ بلائیں گے۔ سفارش کا دور ختم ہو چکا ہے اور تاریخ میں پہلی بار کنٹریکٹ بھرتیاں بھی مکمل طور پر ایٹا کے ذریعے عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام بھرتیوں کو شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اہل اور باصلاحیت امیدواروں کو آگے لایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :