گزشتہ شب ایران سے واپس آنے والے طلباء و طالبات بحفاظت کوئٹہ پہنچ گئے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے استقبال کیا

بدھ 18 جون 2025 18:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) گزشتہ شب ایران سے واپس آنے والے طلباء و طالبات بحفاظت کوئٹہ پہنچ گئے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے ان کا استقبال اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی ہدایت پر طلباء اور طالبات کے لیے نہ صرف رہائش کا بندوبست کیا گیا بلکہ کھانے پینے کی سہولیات بھی فوری طور پر مہیا کی گئیں۔

(جاری ہے)

ان طلباء کا تعلق ملک کے مختلف صوبوں سے تھا، جن کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہیا کیا گیا تاکہ وہ بآسانی اپنے آبائی علاقوں تک پہنچ سکیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی نے طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور انکے ساتھ وقت گزارا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سب طلبا و طالبات کو بحفاظت انکے گھر پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔

طلباء نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ بیرون ملک سے واپس آنے والے تمام طلباء کو مکمل سہولیات مہیا کی جائیں اور انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔