فیسکوکےتمام لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کا تحفظ اوران کودوران ڈیوٹی ہرقسم کےحادثات سےبچانا اولین ترجیح ہے،چیف ایگزیکٹو فیسکو

جمعرات 19 جون 2025 16:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) کے تمام لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کا تحفظ اور ان کودوران ڈیوٹی ہر قسم کے حادثات سے بچانا اولین ترجیح ہے لہٰذااس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ ورکرز کی سیفٹی کیلئے سٹاف کی مسلسل تربیت کا بھی انتظام اوران کے آلات کی بہتری کی مسلسل کوششیں جاری ہیں جنہیں مستقبل میں بھی جاری رکھاجائے گا۔

چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامرنے اے پی پی کو بتایا کہ فیسکو ریجن میں لائن سٹاف کوحادثات سے بچاؤکیلئے پہلے بھی مختلف تربیتی کورسزکروائے جارہے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ فیلڈ سٹاف کے کچھ ارکان دانستہ یا غیر دانستہ سیفٹی کے اقدامات میں کوتاہی کر دیتے ہیں جس کا نتیجہ جان لیواثابت ہوتا ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ ایک محنتی اور تربیت یافتہ کارکن سے بھی ہاتھ دھوناپڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جلدفیسکوسٹاف کیلئے ٹریننگز کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا جائے گا جس میں سپروائزری اور لائن سٹاف کوفیلڈ میں ایس او پی کے تحت کام کرنے،ٹی اینڈ پی کے بھرپور استعمال اور کام کے دوران قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے مزید ٹریننگ کروائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت ورکر اور سپروائزری سٹاف سیفٹی کے اقدامات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ وہ خود بھی فیلڈ کے اندر ہونیوالے اس نوعیت کے تمام معاملات پر گہری نظر اور براہ راست نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں اور تمام انتظامی افسران کو بھی اس بات کا پابندکیا گیا ہے کہ وہ لائنوں پر کام کے دوران تما متر حفاظتی اقدامات، ٹی اینڈ پی کے استعمال سمیت سیفٹی کے تمام تر اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ ان سب کی ایڈمنسٹریشن کا کلیدی حصہ ہے لہٰذا اس ذمہ داری پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :