فیصل آباد ،پولٹری فارمرز کو شدید گرمی کے باعث شیڈز میں تازہ پانی کی فراہمی کا مناسب انتظا م کرنے کی ہدایت

جمعرات 19 جون 2025 16:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) محکمہ لائیو سٹاک نے پولٹری فارمرز کو شدید گرمی کے باعث شیڈز میں تازہ پانی کی فراہمی کا مناسب انتظا م کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آبادکے ڈویژنل ڈائریکٹرڈاکٹر سید ندیم بدر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوراک اور پانی دونوں پولٹری فارمنگ کے لئے انہائی اہم ہیں لیکن پانی کی اہمیت خوراک سے بھی کہیں زیادہ ہے کیونکہ خوراک کے بغیر مرغی ایک سے 2ہفتے تک زندہ رہ سکتی ہے لیکن پانی کے بغیرمرغی چند گھنٹے بھی نہیں گزار سکتی۔

انہوں نے بتایاکہ مرغی کا جسم 60 فیصد پانی پر مشتمل ہوتاہے جبکہ چوزوں کا جسم 80 فیصد پانی کا حامل ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مرغیوں میں چربی 98فیصد اور لحمیات 50 فیصد تک بھی ضائع ہو جائیں تو مرغی زندہ رہ سکتی ہے لیکن اگر پانی کی مقدار 10فیصد بھی کم ہو جائے تو نمکیات کا تناسب بگڑنے سے اس کی موت واقع ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پولٹری فارمرز کی اکثریت پانی کی اہمیت سے ناواقف ہے اور وہ صرف خوراک و دیگر ضروریات کو اہمیت دیتے ہیں لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ موسم گرما میں پانی کی کمی چوزوں کی شرح اموات میں اضافہ کا موجب بننے کے ساتھ ساتھ ان کی نشو و نما اور پیداوار پر بھی بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔

انہوں نے مرغبانی کرنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی اہمیت کو مد نظر رکھیں تاکہ پولٹری فارمنگ کے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :