سیکرٹری زراعت کی زیر صدارت زرعی شعبے کو جدید تحقیق سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اجلاس

جمعرات 19 جون 2025 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت زرعی شعبے کو جدید تحقیق سے ہم آہنگ کرنے اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اجلاس کا انعقاد ہوا ۔ اجلاس میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، چیئرمین نیشنل سیڈ اتھارٹی ڈاکٹر آصف علی ،چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود ، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی ، زرعی ماہرین اور ریسرچرز نے شرکت کی۔

سیکرٹری زراعت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، اکیڈمیا اور زرعی تحقیقی اداروں کے مابین ہم آہنگی سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر افتخار علی سہو نے اکیڈمی اور زرعی تحقیقی اداروں کے مابین ہم آہنگی کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت کی جو 15 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی جنہیں منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کیا جائے گا۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کی تجدیدِ نو کے لیے حکومت وسائل فراہم کر رہی اور اس مقصد کے لیے تمام شراکت داروں کا سیشن بھی منعقد کیا گیا ہے، زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جدید تحقیق کی روشنی میں عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کپاس کی پیداوار کو ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے طویل المدتی پالیسی کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری زراعت نے فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہترین جرم پلازم کو متعارف کرانے، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ نئی اقسام کی دریافت اور کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔