ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کی زیر صدارت اجلاس

جاری منصوبوں، پارکس، گرین بیلٹس اور گرین ایریاز کا تفصیلی جائزہ

جمعہ 20 جون 2025 19:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)لاہور: ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور منصور احمد شہر کے پارکس اور گرین ایریاز کو سرسبز، خوبصورت اور فعال بنانے کے مشن پر سرگرم ہیں، شہریوں کو بہتر ماحول، تفریحی سہولیات اور پر سکون فضاء فراہم کرنے کے لیے پی ایچ اے کی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کی زیر صدارت پی ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں تمام ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز، پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور سپورٹس ڈائریکٹر نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری منصوبوں، پارکس، گرین بیلٹس اور گرین ایریاز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے اجلاس کے دوران فیلڈ اور دفتری کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور تمام اسٹاف کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہری سہولیات کی فراہمی اور پارکس کی حالت میں مزید بہتری کے لیے تمام فیلڈ افسران اور عملے کی مکمل موجودگی ضروری ہے۔

ڈی جی پی ایچ اے نے ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ شہر بھر کے تمام پارکس، گرین بیلٹس، پودوں اور پھولوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ پروجیکٹس ڈائریکٹرز کو پارکس میں جاگنگ ٹریکس، لائٹنگ، پانی کی موٹریں اور دیگر سہولیات کی مکمل فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈی جی نے لاہور کے تمام پارکس میں گھاس، صفائی اور سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر جیلانی پارک کو پبلک جم کی تزئین و آرائش کے فوری اقدامات کا ٹاسک سونپ دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر سپورٹس کو سمن آباد جم کی اپگریڈیشن کے لیے باضابطہ پروپوزل تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کا کہنا تھا کہ پی ایچ اے کی ٹیمز تمام چھوٹے بڑے پارکس کو بہتر بنانے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں، پارکس کی خوبصورتی اور سہولیات میں بہتری ایک مسلسل عمل ہے۔ پی ایچ اے لاہور شہر کو سرسبز بنانے اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :