کراچی میں موٹاپے کے مریضوں کے لیے جدید امریکی طریقہ علاج کا آغاز

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:25

کراچی میں موٹاپے کے مریضوں کے لیے جدید امریکی طریقہ علاج کا آغاز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) موٹاپے کے مریضوں کے لیے جدید امریکی طریقہ علاج کا آغاز کردیا گیا، امریکی کمپنی بوسٹن سائنٹیفک کا تیارکردہ طریقہ علاج نسبتا آرام دہ ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ گیسٹرواینٹیرولوجی میں موٹاپے کے مریضوں کے علاج کے لیے امریکی طرز کے جدید طریقہ علاج کا آغاز کردیا گیا، اس جدید طریقہ علاج کا افتتاح امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمین نے کیا۔

یہ طریقہ علاج صف اول کی امریکی کمپنی بوسٹن سائنٹیفک نے تیار کیا ہے، جو نسبتا آرام دہ اور محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں 10 کروڑ سے زائد بالغ افراد موٹاپے یا زائد وزن کا شکار ہیں، جو پہلے ہی کمزور صحت کے نظام پر بوجھ بن رہا ہے، یہ طریقہ کار نہ صرف موٹاپے کے مریضوں کے لیے نئی امید ہے بلکہ پاکستان کے شعبہ صحت میں ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ طریقہ علاج اینڈوسکوپک اسلیو گیسٹروپلاسٹی (ESG) کے نام سے جانا جاتا ہے، جو بغیر آپریشن کے معدے کے حجم کو کم کرتا ہے، اور مریضوں کو ذیابیطس اور امراض قلب سمیت موٹاپے سے جڑی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ "اینڈوسکوپک اسلیو گیسٹروپلاسٹی جدید ٹیکنالوجی کی ایک مثال ہے جو دنیا بھر میں علاج معالجے کو بہتر بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی تعاون پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور اس کے ذریعے عوام کو زندگی بدلنے والے علاج تک رسائی ممکن بن رہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان دنیا کے بدترین موٹاپے کے بحران کا شکار ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر چار میں سے تین بالغ افراد زائد وزن یا موٹاپے کا شکار ہیں، جب کہ ملک میں صرف پانچ میں سے ایک شخص کا وزن نارمل ہے جبکہ موٹاپا ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، فالج، کینسر اور گردوں کے امراض کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

تقریب میں ماہرین نے شرکا کو جدید امریکی طبی تحقیق اور اس طریقہ علاج کے فوائد سے آگاہ کیا، جس سے نہ صرف موٹاپے بلکہ اس سے جڑی پیچیدہ بیماریوں سے بھی نجات ملنے کی امید ظاہر کی گئی۔واضح رہے کہ بوسٹن سائنٹیفک کے اس اقدام کے ساتھ ساتھ پاکستان میں موٹاپے کے علاج کے لیے دیگر جدید طریقے بھی متعارف ہو رہے ہیں، جن میں ذیابیطس اور وزن میں کمی کے لیے عالمی سطح پر انقلابی دوا قرار دی جانے والی ٹیریزیپٹائیڈ بھی شامل ہے۔