سرگودھا شہر کے تین بازاروں کو ماڈل بازار بنانے کیلئے اقدامات شروع

ہفتہ 21 جون 2025 12:55

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)سرگودھا شہر کے تین بازاروں گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار کو ماڈل بازار بنانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے۔اس حوالہ سے منعقدہ اجلاس میں منصوبہ پر پیشرفت کا جائزہ اور بین ا لمحکماتی ہم آہنگی کو مزید موثر بنانے پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے افسران سے منصوبہ سے متعلق ان کی ذمہ داریوں، تیاریوں اور اب تک ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ لی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکم دیا کہ فلیگ شپ منصوبہ کے تحت گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار پر ترقیاتی کاموں کے لیے تمام محکمے باہم رابطے اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ مقررہ مدت میں معیاری کام مکمل کیا جا سکے۔ڈی سی نے خاص طور پر یوٹیلٹی سروسز کے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انڈر گراونڈ انفراسٹرکچر سے متعلق اپنے تخمینے اور نقشہ جات فوری طور پر مکمل کریں تاکہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن، فساڈز اور صفائی کے انتظامات پر پہلے سے تیاری کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل نہ صرف شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا باعث بنے گی بلکہ سرگودہا شہر کی خوبصورتی اور شناخت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔