Live Updates

پنجاب کے سیلابی علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپورانداز میں جاری

جمعہ 29 اگست 2025 19:01

پنجاب کے سیلابی علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپورانداز ..
سیالکوٹ/نارووال/ گوجرانوالہ/ہیڈ خانکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز بھرپور انداز میں جاری ہیں، فوجی دستے ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی میں درجنوں خاندانوں کو ریسکیو کیا جبکہ سیالکوٹ اور نارووال میں بھی سیلاب میں گھرے بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں کو بحفاظت نکالا گیا۔

سول انتظامیہ کے تعاون سے پاک فوج نے ریسکیو اور ریلیف کیمپس بھی قائم کیے ہیں جہاں متاثرین کو عارضی رہائش، خوراک اور ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کے مکینوں نے پاک فوج کے بروقت ریسکیو آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فوجی جوان عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی جانوں کے تحفظ کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاک فوج کی 6 ریسکیو ٹیمیں دریائے ستلج اور دریائے راوی پر ریلیف سرگرمیوں میں بھی مصروف ہیں۔ہیڈ سلیمانکی اور اٹاری کے مقامات پر پاک فوج کی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔قصور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔پاک فوج کے ساتھ دیگر محکمے پولیس، محکمہ آبپاشی، صحت، لائیو سٹاک، 1122 اور سول ڈیفنس بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیںپاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کرضلع قصور میں 21 ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں اب تک قصور کے دیہاتوں سے لگ بھگ 18 ہزار افراد اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔

پاک فوج کا انتظامی کیمپ منڈی احمد آباد میں قائم ، متاثرہ خاندانوں کو پناہ اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے کے سیلاب میں بھی پاک فوج متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف اوکاڑہ میں بھی پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔پاک فوج سیلاب کی تباہ کاریوں کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات