قوم کی تعمیر میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے ،پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی

زرعی یونیورسٹی اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس کر رہی ہے

منگل 24 جون 2025 11:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے سات روزہ’’پوسٹ انڈکشن ٹریننگ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ‘‘ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصد نئے تعینات شدہ اساتذہ کو تدریسی، تحقیقی اور انتظامی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ قوم کی تعمیر میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس کر رہی ہے جو آج کے تعلیمی شعبے میں نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو تدریسی طریقوں میں جدت لانے پر زور دیا تاکہ عصرحاضر کے تعلیمی تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر راؤ زاہد عباس نے جدید تعلیم میں نئے تدریسی رجحانات کو اپنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تدریسی طریقوں کی ضرورت پر زور دیا جو طلبہ کی استعدادکار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں۔ ڈائریکٹر اکیڈمکس اینڈ ٹیچنگ ریسورس ڈاکٹر الحافظہ شافعہ تحسین گل نے ورکشاپ کے بنیادی مقاصد بیان کرتے ہوئے نئے تعینات شدہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ پرانے روایتی طریقوں کی بجائے نئے تدریسی رجحانات کو اپنایا جائے۔ڈاکٹر فیصل شہباز، ڈاکٹر عائشہ کرن اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔